معروف شاعر سید سلمان گیلانی انتقال کرگئے

ملک کے معروف شاعر اور نعت خواں سید سلمان گیلانی انتقال کرگئے۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور لاہور کے شیخ زید اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے آج آخری سانس لی۔ ان کی وفات کی خبر سے ادبی اور مذہبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق سید سلمان گیلانی 74 برس کے تھے اور دل و جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ طبیعت کی خرابی کے باعث وہ کچھ عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
سید سلمان گیلانی اردو ادب میں اپنے منفرد اسلوب اور نعتیہ کلام کے باعث نمایاں مقام رکھتے تھے۔ ان کی شاعری میں عشق رسول ﷺ، روحانیت اور اخلاقی اقدار کی جھلک نمایاں تھی جس نے انہیں عوام اور خواص میں یکساں مقبول بنایا۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سید سلمان گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک بلند پایہ شاعر، باکمال نعت خواں اور عمدہ نثر نگار تھے۔
معروف ڈرامہ اداکار خالد حفیظ خان انتقال کر گئے
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ سید سلمان گیلانی کے نعتیہ کلام سے لاکھوں افراد نے روحانی فیض حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ان کے خانوادے کے ایک فرد کی حیثیت رکھتے تھے اور ان کی وفات ایک ذاتی نقصان ہے۔
ادبی تنظیموں اور سماجی شخصیات نے بھی سید سلمان گیلانی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مداح ان کی شاعری کے اشعار شیئر کرکے انہیں یاد کر رہے ہیں۔
سید سلمان گیلانی کی وفات سے اردو ادب ایک درخشاں ستارے سے محروم ہوگیا ہے۔ ان کی ادبی خدمات اور نعتیہ کلام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلیں ان کے کام سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔











